Search Patriotic Song,Singer,Poet in This Blog.

Sunday, February 9, 2025

ہر تان پاکستان از ابصار احمد ۔ Har Taan Pakistan by Absar Ahmed

پاکستانی ملٌی نغموں کی مکمل تاریخ "ہر تان پاکستان" طباعت سے آراستہ ہوچکی ہے جو 702 صفحات پر مشتمل ملٌی نغموں کا انسائیکلوپیڈیا ہے جسے ملٌی نغموں کے اولین محقق اور نوجوان صحافی و براڈکاسٹر ابصار احمد نے تحریر کیا ہے۔ مصنف کا نام اس وقت ملٌی نغموں کی تحقیق میں سند کے طور پر لیا جاتا ہے جن کی تحقیقی صلاحیتیوں اور اس شعبے میں گرفت کا اعتراف ملک کی کئی ممتاز علمی شخصیات بھی کرتی ہیں۔ "ہر تان پاکستان" کو مصنف نے 13 ابواب میں تقسیم کیا ہے جس کا آغاز 1911ء سے ہوتا ہے جب پہلی بار علامہ محمد اقبالؒ کی ملٌی نظم موسیقی سے آراستہ ہو کر نغمہ بن کر گراموفون ڈسک پر جاری ہے۔ پہلا باب قیامِ پاکستان سے قبل تک گراموفون اور آل انڈیا ریڈیو سے جاری ہونے والے ملی نغموں پر مشتمل ہے جن میں کلامِ اقبالؒ، نغماتِ تحریکِ پاکستان اور قائدِ اعظمؒ شامل ہیں۔ دوسرا باب قیامِ پاکستان سے لے کر 1956ء تک محیط ہے جس میں گراموفون اور ریڈیو پاکستان سے نشر ہونے والے ملی نغموں کے ساتھ ساتھ فلم نگری کے ملٌی نغمے بھی موجود ہیں ۔ اس طرح اگلے ابواب میں پاکستان ٹیلی ویژن، نجی چینلز، پرائیویٹ کیسٹس ریکارڈنگ اور پھر سوشل میڈیا سے باضابطہ نشر ہونے والے ملٌی نغموں کا احاطہ کیا گیا ہے۔ کتاب کا دلچسپ پہلو اس میں شامل فنکاروں کے متعلق نایاب معلومات اور ان کی تصاویر کے ساتھ ساتھ ہر باب میں موجود سرخیاں ہیں جنھیں ابصار احمد نے نہایت دلچسپی سے پیش کیا ہے۔ ابصار چونکہ خود بھی بہترین قلم کار ہیں اسی لیے ان کا تحریری انداز ایسا ہے کہ قاری کو فوراً اپنی گرفت میں لے اور جو اس موضوع سے زیادہ دلچسپی نہ بھی رکھے تو وہ سرخیوں کی مدد سے پڑھتا ہی چلا جائے۔ سرخیوں کی مثال کچھ یوں ہے، پاکستان کی اولین اور واحد یہوی قومی فنکارہ، چمٹے کی چھن چھن میں جوشِ وطن"، قوال اور ملٌی تال، پکے راگوں میں بھی دیپک راگ، پاکستان کا اولین انگریزی ملٌی نغمہ وغیرہ " ہر تان پاکستان" میں صرف اردو ہی میں نہیں بلکہ ریڈیو اور ٹیلی ویژن سے نشر ہونے والے صوبائی اور علاقائی زبانوں کے ملی نغموں کا تذکرہ بھی موجود ہے یہاں تک کہ مشرقی پاکستان میں بننے والے بنگالی زبان کے ملٌی نغموں کا تفصیلی ذکر اور ان کے بول مع فنکار موجود ہیں جن سے ان ملی نغموں مکھڑے دیکھے جاسکتے ہیں جو اب کہیں موجود نہیں۔ کتاب میں کئی نایاب اور مقبول ملی نغموں کا مکمل متن، پس منظر اور ان پر مصنف کی جانب سے تبصرہ بھی درج ہے۔ "ہر تان پاکستان" کے متعلق ڈاکٹر عقیل عباس جعفری، طاہر حسن (ڈائریکٹر جنرل ریڈیو پاکستان)، ڈاکٹر پیٹر فرانسس(ریسرچ اسکالر، بوسٹن امریکا)، حافظ محمد نوراللہ(ڈپٹی کنٹرولر سینٹرل پروڈکشنز ریڈیو پاکستان)، امجد شاہ(جنرل منیجر پاکستان ٹیلی ویژن کراچی مرکز) اور ڈاکٹر یوسف عالمگیرین(مدیر ہلال، آئی ایس پی آر) کے تاثرات بھی شامل ہیں جنھوں نے "ہر تان پاکستان" کو ملٌی ادب اور تحقیق کا ایک منفرد شاہکار قرار دیا ہے۔

No comments: